Select Language


امتحانات اور اُن کا طریقۂ کار

  • نظام تعلیم وتربیت میںاستحکام اور پختگی پیداکرنے، طلبہ میں ٹھوس اورمضبوط استعداد کے حصول کی خاطر ان سے مطلوبہ جدوجہد کرانے کے لیے دیگر مدارس اسلامیہ کی طرح مدرسہ ہذا میں بھی سال بھر میں دو امتحان کرائے جاتے ہیں۔
  • دارالعلوم دیوبند، مظاہر العلوم سہارنپور، نیز ودیگر مقامات سے ممتحنین کرام کو مدعو کیاجاتا ہے، اورممتحنین کرام کے تأثرات کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔
  • تحریری امتحان سخت نگرانی کے ساتھ کرایا جاتاہے، جس میںاساتذئہ مدرسہ کے علاوہ ممبرانِ شوریٰ وغیرہ بھی امتحان ہال میں تشریف لاکر نگرانی فرماتے ہیں، طلبہ کے پرچوں کی جانچ کو محتاط بنانے کے لیے امتحان کی کاپی کے سرِورق پر ایک کوڈ نمبر ڈال دیا جاتا ہے، اورمکمل رازداری کے ساتھ ممتحن سے کاپیوں کی جانچ کرائی جاتی ہے۔

تعلیمی جانچ کا نظام عمل اور نگرانی

یہاںجملہ تعلیمی شعبہ جات کی دیکھ بھال اور جانچ کاایک مستقل اور مضبوط نظام ہے، جو دراصل ادارے کا طرئہ امتیاز اور ٹھوس صلاحیتوں کا ضامن ہے، مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس کا کچھ تذکرہ کردیاجائے۔

  • شعبہ حفظ میںپارہ مکمل ہونے پر اس کی جانچ کو لازمی قرار دیاگیا ہے، استاذ ہر طالب علم کو جانچ کے لیے ناظم تعلیمات کے پاس بھیجتا ہے وہ جانچ کے بعد اگر قابل اطمینان سمجھتے ہیں تو سبق آگے بڑھانے کی اجازت دیدیتے ہیں ورنہ واپس کردیتے ہیں،اس کے لیے ہر طالب ِ علم کی ایک کاپی ہے جس میںناظم ِ تعلیمات جانچ کے بعد رپورٹ درج کرتے ہیں، اس طرح سبقاً پارہ خوب پختہ ہوجاتا ہے جو ایک بنیادی چیز ہے۔
  • جن بچوں کا حفظ مکمل ہوگیااور وہ دور کررہے ہیں ان کی اسی طرح ساتوں منزلوں میںجانچ کی جاتی ہے۔ اس کے لیے بھی ہر طالب علم کی الگ الگ کاپی بنی ہوئی ہے، جس میںجانچ کا پورا ریکارڈ محفوظ رہتا ہے، سال پوراہونے پر ناظم تعلیمات تمام طلبہ کی کاپیاں چیک کرتے ہیں تاکہ کوئی طالب علم جانچ سے جان نہ چراسکے۔ پھر سال کے آخر میں تمام حفاظ طلبہ کی اجتماعی جانچ ہوتی ہے جس میں کامیابی پر وہ حفظ قرآن کی سند کے مستحق قرار پاتے ہیں۔
  • سالِ اوّل و دوم عربی کے مضامین میںماہانہ جانچ ہوتی ہے،جس کے نتائج آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ ناکام طلبہ کے خلاف تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جاتی ہے۔

ان کے علاوہ دیگر درجات کی جانچ حسب ضرورت ناظم تعلیمات از خود کرتے رہتے ہیں، جس کے نتیجہ میں اساتذئہ و طلبہ اپنے تعلیمی فرائض چستی ومستعدی سے انجام دیتے ہیں۔

نگرانی

جس طرح صبح وشام کے تدریسی اوقات میں حاضری کا نظام ہے ایسے ہی خارجی اوقات دوپہر، بعد مغرب وعشا بھی باقاعدہ حاضری لی جاتی ہے،اس کے لیے درجہ وار رجسٹر بنے ہوئے ہیں، غیرحاضر ہونے والے طلبہ سے متعلقہ استاذ سختی سے بازپرس کرتے ہیں تاکہ طلبہ اپنا وقت لغویات میں ضائع نہ کرکے تکرار ومطالعے کے عادی بنیں۔موبائل کی سخت ممانعت ہے، اگر کسی کے پاس موبائل پکڑا جائے تو موبائل ضبط کرلیا جاتا ہے اور اس کی امداد بند کردی جاتی ہے،اس کا مقصد بھی طلبہ کو ہمہ تن تعلیم میں مشغول رکھنا ہے۔

Copyright © 2021 Khadimul-Uloom All rights reserved.